Home sticky post سپریم کورٹ کا عمران خان کو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی ، بچوں سے رابطوں کی سہولت دینے کا حکم

سپریم کورٹ کا عمران خان کو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی ، بچوں سے رابطوں کی سہولت دینے کا حکم

Share
Share

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کو آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی اور بچوں سے رابطوں کی سہولیات دینے کا حکم جاری کردیا۔
سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی اور بیرسٹر سلمان صفدر سپریم کورٹ پہنچے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو روسٹرم پر بلا لیا اور کہا کہ فرینڈ آف دی کورٹ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹس ایک جیسی ہیں، رپورٹ کا پیراگراف نمبر 21 پڑھیں۔
عدالت میں پڑھی گئی رپورٹ کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل میں حفاظتی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ دستیاب کھانوں کی سہولیات پر بھی اطمینان ظاہر کیا، تاہم رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے طبی سہولیات کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور ماہر آنکھوں کے ڈاکٹروں تک رسائی کی درخواست کی۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت اسٹیٹ کسٹڈی میں ہیں اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کو یکساں طبی سہولیات ملنی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بالکل بھی نہیں کہیں گے کہ بانی پی ٹی آئی کو دیگر قیدیوں کے مقابلے میں نمایاں سہولیات دی جائیں، سب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ہم ماہر آنکھوں کے ڈاکٹروں تک رسائی دینے کے لیے تیار ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ حکومت اچھے موڈ میں ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو ان کے بچوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کی سہولت بھی ملنی چاہیے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کتابیں پڑھنے کے لیے فراہم کرنے کی رائے اس لیے نہیں دے رہے کیونکہ ان کی آنکھوں کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہو سکے بانی پی ٹی آئی کو ماہرین تک رسائی اور بچوں سے ٹیلیفونک رابطوں کی سہولیات دی جائیں، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ دو سے تین دن تک ہو جائے گا۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے یقین دہانی کرائی کہ 16 فروری تک آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں تک رسائی اور بچوں سے ٹیلیفونک رابطوں کی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی، جسے عدالتی حکم نامے کا حصہ بنایا گیا۔
دوران سماعت فرینڈ آف دی کورٹ سلمان صفدر نے استدعا کی کہ کسی فیملی ممبر کی موجودگی میں ماہر آنکھوں کے ڈاکٹروں تک بانی پی ٹی آئی کو رسائی دی جائے جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم ایسا کوئی حکم نہیں دے سکتے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ماہر آنکھوں کے معالجین تک رسائی کا حکم دے دیا تاہم کسی فیملی ممبر کی موجودگی میں آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں تک رسائی دینے کی استدعا مسترد کر دی۔
سلمان صفدر نے عدالت سے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مزید کتابیں فراہم کی جائیں جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ اگر ڈاکٹرز اجازت دیں تو کتابیں فراہم کی جائیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ صحت کا مسئلہ سب سے اہم ہے۔ اس معاملے پر مداخلت کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں حکومت کا موقف جاننا چاہتے ہیں۔ صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہا کہ اگر قیدی مطمئن نہیں تو ریاست اقدامات کرے گی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بچوں سے ٹیلی فون کالز کا ایشو بھی اہم ہے۔ ہم حکومت پر اعتماد کررہے ہیں۔ آج حکومت اچھے موڈ میں ہے۔ معائنہ کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ اس موقع پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کروانے کی بھی ہدایت کردی۔عدالت نے کہا کہ دونوں اقدامات 16 فروری سے پہلے کرلیے جائیں۔
سپریم کورٹ نے فرینڈ آف دی کورٹ کی ذمہ داری نبھانے پر بیرسٹر سلمان صفدر کی تعریف کی ۔چیف جسٹس نے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر نے بخوبی ذمہ داری نبھائی ،فرینڈ آف دی کورٹ کے کردار کو سراہتے ہیں،حکومت کو بھی بہترین سہولیات فراہمی پر سراہتے ہیں ۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ مجھے سو سے زائد کالز اور میسجز آئے ، جن میں میری اہلیہ بھی تھی،میں نے کہا یہ کورٹ کی امانت ہے میں نہیں بتا سکتا ،یہاں تک کہ اپنی اہلیہ کو بھی نہیں بتایا۔

Share
Related Articles

وزیراعظم کی زیر صدارت علاقائی صورتحال کے تناظر میں ملکی معیشت پر جائزہ اجلاس،اہم فیصلے

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت علاقائی صورتحال کے تناظر...

سرکاری و نجی اداروں میں 50 فیصد ملازمین کو ورک فرام ہوم، ہفتے میں چار دن کام ہوگا، وزیراعظم

اسلا م آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال...

محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نےخیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی...