کراچی:قومی ایئرلائن کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر آج سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچ گئی۔حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے پی آئی اے کی افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
چیف آپریٹنگ افیسر پی آئی اے امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر اور سول ایویشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔
عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں عازمین سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاوٴں کی درخواست کی گئی۔
حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے پی آئی اے کی افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9:15 بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن کے لیے پی آئی اے کے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔ رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 65ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔
قبل از حج آپریشن 22جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا۔ پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔
سی ای او پی آئی اے نے تمام ڈیپارٹمنٹس اور پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔