راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز نے 30 اور 31 جنوری کو خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز کے دوران 10 خوارجیوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھلاچی میں انٹیلی جنس کی بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ اسی دوران شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں، دتہ خیل، حسن خیل، غلام خان اور میر علی میں 4 مختلف جھڑپیں ہوئیں، ان میں سیکیورٹی فورسز نے 6 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔تمام ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کے خلاف مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔