اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاعرِ مشرق، مفکرِ اسلام اور مصورِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے 148 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقبالؒ کی فکر، بصیرت اور جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری اور خودی کا شعور پیدا کیا۔ انہوں نے غلامی کے اندھیروں میں امید کی شمع جلائی اور ایک ایسی قوم کو عمل، ایمان اور علم کا راستہ دکھایا جو مایوسی کا شکار تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقبالؒ نے سکھایا کہ ایمان، علم اور عمل وہ ستون ہیں جن پر ایک زندہ قوم اپنی تعمیر کرتی ہے۔ آج کے قومی و عالمی حالات میں اقبالؒ کی فکر ہمارے لیے رہنمائی کا سب سے مضبوط ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقبالؒ کی فکر کی روشنی میں نوجوان نسل کو ایسی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو صرف روزگار کا ذریعہ نہ ہو بلکہ کردار سازی اور نظریاتی تربیت کا سبب بنے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقبالؒ کا نوجوان ملت کا معمار اور مستقبل کا شاہین ہے۔ حکومت نے اقبالؒ کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے نوجوانوں کی جدید تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں جن میں “اڑان پاکستان”پروگرام بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ مفکرِ اسلام تھے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کا قیام ان کا خواب تھا۔ آج دنیا کو اقبالؒ کے پیغام کی اشد ضرورت ہے جہاں فرقہ واریت کے بجائے اخوت، نفرت کے بجائے محبت اور طاقت کے بجائے انصاف کی بالادستی ہو۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقبالؒ کے افکار ہماری قومی پالیسی، تعلیمی ترجیحات اور اجتماعی زندگی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ہمیں اپنے عمل کا محور اقبالؒ کے اصولوں کو بنانا ہوگا تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں اقبالؒ کے خوابوں کا پاکستان بن سکے جہاں علم و عمل، محبت و رواداری اور امن و انصاف کا بول بالا ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، اقبالؒ کے افکار کی روشنی میں امتِ مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
پاکستان پائندہ باد!۔