شکاگو : امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ کملا ہیرس جلد امریکا کی صدر بنیں گی، ڈونلڈ ٹرمپ چار سال سے وعدے کرتے رہے لیکن کیا کچھ نہیں، ٹرمپ دور کی بہ نسبت امریکا آج زیادہ محفوظ ہے امریکہ میں سیاسی تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔
شکاگو میں ہونیوالے ڈیموکریٹک پارٹی کے چار روزہ نیشنل کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ امریکیوں کی بدولت ہمارے 4 سال غیر معمولی رہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امریکیوں سے محبت ہے اور اس اجتماع میں موجود ہر شخص میرے دل کے قریب ہے، ہمارے اچھے دن آرہے ہیں، جمہوریت غالب آئے گی۔
جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ کملا ہیرس جلد امریکا کی صدر بنیں گی، ڈونلڈ ٹرمپ چار سال سے وعدے کرتے رہے لیکن کیا کچھ نہیں، ٹرمپ دور کی بہ نسبت امریکا آج زیادہ محفوظ ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہمارے فیصلے آنے والی دہائیوں کے لیے ہماری قوم اور دنیا کی قسمت کا تعین کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے پہلی سیا ہ فام خاتون کو امریکا کی سپریم کورٹ میں لا کر وعدہ پورا کیا، میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ آزادی کیلئے تیار ہیں ؟ ، کیا آپ جمہوریت کیلئے تیار ہیں ، اگر آپ اچھا کرینگے تو ہم بھی اچھا کرینگے ، ہم نے اپنء معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔
اس کنونشن میں بائیڈن باضابطہ طور پر صدارتی امیدواری سے دستبردار ہوں گے اور اپنی نائب کملا ہیرس کو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے پارٹی کی جانب سے امیدوار نامزد کرنے کا راستہ بنائیں گے۔
صدارتی امیدوار کی دوڑ سے ان کی اچانک دستبرداری اور کملا ہیرس کے سامنے آنے کے ایک ماہ سے بھی کم وقت کے بعد ڈیموکریٹس صدر کو ان کے طویل عرصے تک سیاست میں گزارنے کے لیے خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔ یہ وہی عہدیدار ہیں جنہوں نے ان کی صحت کی حالت اور عمر کے بارے میں خدشات کے درمیان انھیں اس دوڑ سے باہر نکالنے میں کردار ادا کیا تھا۔
ادھر شکاگو میں غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ تباہ کن جنگ میں امریکی انتظامیہ کی اسرائیل کی حمایت کے خلاف ایک بہت بڑا مظاہرہ بھی ہو رہا ہے۔
فلسطینیوں کے حامی دسیوں ہزار مظاہرین پیر کو ڈیموکریٹک پارٹی نیشنل کنونشن کے صدر دفتر کے سامنے جمع ہوگئے تاکہ غزہ پر جنگ میں اسرائیل کی حمایت میں امریکی انتظامیہ کے موقف کی مذمت کی جا سکے۔