مکہ مکرمہ :قومی ہیرو، ملک کے صفِ اوّل کے ایتھلیٹ، اولمپین جیولین تھروور ارشد ندیم نے عمرے کی سعادت حاصل کر لی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پاکستان کو 40 برسوں بعد گولڈ میڈل جتوانے والے جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم نے تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ خوش خبری شیئر کی ہے۔
انہوں نے بیت اللّٰہ کے سامنے احرام میں تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ زندگی میں پہلی بار عمرے کی سعادت حاصل کی ہے جس پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔
سوشل میڈیا پر انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے کہ اس بابرکت موقع پر الحمدللّٰہ میں نے پہلا عمرہ کیا، پوری امت اور اپنے عزیز وطن کے لیے دعا کی، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اسے ممکن بنایا۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے حالیہ اولمپکس مقابلوں میں 92.97 میٹر کی تھرو کر کے جیولن تھروو کا 118 سالہ ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے ملک کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔