اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما ء عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی مہم چلانے کا ڈائری میں انکشاف ہوا، توشہ خانہ کے تحائف کی تصاویر کھینچنے پر ملازمین کو بشریٰ بی بی نے ڈانٹا۔ ہم نےڈیڑھ سال میں نہ کسی پر کیس بنایا نہ کسی کو پابند سلاسل کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ توشہ خانہ کا ٹرائل کئی مہینے التوا کا شکار رہا، ڈیڑھ سال کوشش رہی کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے،۔
ان کاکہناتھاکہ سائفر کے معاملے پر من گھڑت اور جھوٹی کہانیاں زبان زد عام کی گئیں، سائفر کے معاملے پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف کو بلیک مارکیٹ میں بیچا گیا، توشہ خانہ کے تحائف کو اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا گیا، کیا وجہ ہے آج ایک جج کیخلاف بیرون ملک مہم چلائی جا رہی ہے، یہ پاکستان کا قانون ہے، اس کا سامنا تو کرنا پڑے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ارسلان بیٹا سے شروع ہونے والی ڈکٹیشن کا آج ڈائری سے بھی انکشاف ہو گیا، عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی مہم چلانے کا ڈائری میں انکشاف ہوا، توشہ خانہ کے تحائف کی تصاویر کھینچنے پر ملازمین کو بشریٰ بی بی نے ڈانٹا، چیئرمین پی ٹی آئی حکومتی معاملات میں بشریٰ بی بی سے ڈکٹیشن لیتے رہے۔