اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
انسداد ِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں بشریٰ بی بی کی 2 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، بشریٰ بی بی کی جانب سے انصر کیانی اور شمسہ کیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ اور شامل تفتیش ہونے کیلئے درخواست دائر کی گئی، وکیل صفائی نے استدعا کی کہ تفتیشی کو باقاعدہ ہدایات دیں کہ وہ بشریٰ بی بی سے جیل میں تفتیش کرے۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کہا کہ میں آج آرڈر میں لکھ دوں گا کہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کیا جائے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی تھانہ سیکرٹریٹ کے مقدمے میں عبوری ضمانت میں 28 اپریل تک اور تھانہ کراچی کمپنی کے مقدمے میں 29 اپریل تک توسیع کر دی۔
خیال رہے کہ بشریٰ بی بی کیخلاف تھانہ سیکرٹریٹ اور کراچی کمپنی میں مقدمات درج ہیں۔