بیجنگ:چین کی جانب سے غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے پریس بریفنگ کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے، مشرق وسطیٰ میں جنگ بند ہونی چاہیے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال کے دروازوں کے سامنے ٹینک کھڑے کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے غزہ کا سب سے بڑا ہسپتال عملی طور پر غیر فعال ہو گیا، ہسپتال میں بجلی اور آکسیجن نہ ہونے سے 6 نومولود اور 9 دیگر مریض دم توڑ گئے ہیں، اسرائیلی اسنائپر ہسپتال میں موجود مریضوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
اسرائیلی حکومت کا ہسپتال خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہنا ہے کہ الشفا ہسپتال پر کنٹرول سے شمالی غزہ کے 50 فیصد حصے پر قبضہ ہو جائے گا، ہسپتال کے بچوں کے آئی سی یو یونٹ کا انتظام سنبھالنے والے برطانوی ادارے نے بتایا کہ بہت زیادہ بیمار بچوں کو کہیں اور منتقل کرنا پیچیدہ عمل ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس وقت الشفا ہسپتال کے اندر 650 مریض، 500 عملے کے افراد اور ڈھائی ہزار کے قریب بے گھر افراد موجود ہیں، غزہ کے تقریباً تمام ہی ہسپتال عملی طور پر بند ہوچکے ہیں کیونکہ وہاں نہ ادویہ ہیں نہ بجلی، عمارتیں تو تباہ ہو چکی ہیں۔