ممبئی:بالی ووڈ اداکارہ ڈمپل کپاڈیا نے ہالی وڈ کے مشہور ہدایتکار کرسٹوفر نولان کے ساتھ فلم ٹینیٹ میں کام کرنے کے تجربات کا انکشاف کیا۔
ڈمپل کپاڈیا نے بتایا کہ نولان نے ان سے انوکھی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا، “میں فٹنگ کے لئے گئی اور اپنے کانوں میں بالیاں پہنی۔ نولان نے میری طرف دیکھا اور کہا، ’بالیاں بہت خوبصورت ہیں، انہیں شوٹ کے بعد چھوڑ جاؤ،‘ اور میں نے ایسا ہی کیا۔”
فلم ٹینیٹ میں ڈمپل کپاڈیا نے اہم کردار ادا کیا تھا، جس میں ان کا انداز اور لباس خاصا منفرد تھا۔ انہوں نے فلم کے کاسٹیوم ڈیزائنر جیفری کرلنڈ کی تعریف بھی کی اور کہا کہ انہوں نے بڑی محنت اور صبر کے ساتھ میری خواہشات کا خیال رکھا اور مجھے ایک خوبصورت انداز میں پیش کیا۔
خیال رہے کہ نولان بھارت سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں اور اپنی فلموں دی ڈارک نائٹ رائزز اور ٹینیٹ کے کچھ حصے بھارت میں فلمائے ہیں۔ ٹینیٹ کی کہانی ایک سابق سی آئی اے ایجنٹ کے گرد گھومتی ہے، جو مستقبل میں ہونے والے خطرات کو روکنے کے لیے ایک خفیہ تنظیم کا حصہ بنتا ہے۔