پشاور:یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے سلسلے میں پاک فوج کے زیرِ اہتمام پشاور کے مختلف سکولز میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اسی سلسلے کی ایک تقریب سمارٹ سکول گلبہار کیمپس میں منعقد ہوئی، جہاں بچوں نے جذبۂ حب الوطنی سے سرشار شاندار مظاہرہ کیا۔
تقریب میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے شرکت کر کے بچوں کا حوصلہ بڑھایا۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جس میں طلبہ نے پاک فوج کے ساتھ مل کر شرکت کی اور وطن سے محبت کے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔طلبہ نے اپنی تقاریر میں افواجِ پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم ہمیشہ اپنے جانبازوں کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔
تقریب میں ملی نغمے، خاکے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے گئے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ مہارت سے تقریب کو یادگار بنا دیا۔طلباء و طالبات کی پرفارمنس، جوش و جذبہ اور حب الوطنی دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ حاضرین نے بچوں کو بھرپور داد دی اور ان کی محنت کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ماحول “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔