اسلام آباد: نگران وزیر اعظم منتخب ہونے والے انوار الحق کاکڑ کے لیے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، اس موقع پر انوار الحق کاکڑ بارے سیاسی رہنماؤں نے اپنے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انوار الحق کاکڑ ایک پڑھے لکھے، قابل اور محنتی انسان ہیں، بلوچستان سے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی بطور وزیر اعظم تعیناتی ایک اچھا فیصلہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ کی قائدانہ صلاحیتوں سے انکار نہیں کیا جا سکتا، بطور نگران وزیراعظم اچھے فیصلے کریں گے، سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے ہمیشہ ایوان بالا میں مثبت کردار ادا کیا، انوار الحق کاکڑ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں گے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سینیٹر سرفراز بگٹی اور نوابزدہ عمر فاروق نے ملاقات کی، دونوں سینیٹرز نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سینیٹر انوار الحق کاکڑ بہترین انتخاب ہیں۔
سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی میر جان محمد خان جمالی نے نگران وزیراعظم کے لئے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کوخوش آئند قرار دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی اہمیت اور افادیت کو اسلام آباد نے پہچان لیا ہے، نگران وزیراعظم پاکستان کا بی اے پی پارٹی سے ہونا ایک اچھی بات ہے۔
سپیکر بلوچستان نے کہا کہ عوامی پارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کے بہتری کو ترجیح دی ہے، بطور نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ ایک بہترین چوائس ہے، اچھی بات ہے سب سے چھوٹے صوبے سے نگران وزیراعظم کو لیا گیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انوار الحق کاکڑ ایک زیرک اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، امید ہے کہ انوار الحق کاکڑ عام انتخابات کو شفاف اور بروقت کرنے میں کامیاب ہونگے، بلوچستان جیسے صوبے سے نگران وزیراعظم کی نامزدگی خوش آئند ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کی تعیناتی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے آئینی کردار کے مطابق ادا کرنے کو فوقیت دی، پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کو نگران وزیراعظم کی تعیناتی کا اختیار دے دیا تھا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم پاکستان تعینات ہونے پر مبارکباد دی، محسن نقوی نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انوارالحق کاکڑ محب وطن پاکستانی، مثبت اورغیر متنازعہ شخصیت ہیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے انوار الحق کاکڑ کی نگران وزیراعظم کے عہدے پر تعیناتی خوش آئند ہے۔