اسلام آباد:سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے بابر اعوان سے سینیٹ اجلاس کی آئندہ تاریخ طلب کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کی۔ وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹس ہوا تھا کچھ جوابات آگئے ہیں، دو فریقین جیل سپرٹنڈنٹ اور آئی جی جیل خانہ جات کا جواب تاحال نہیں آیا۔
قائم مقام چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ابھی سینیٹ کا اجلاس تو نہیں ہے نا؟۔
بابر اعوان نے بتایا کہ نہیں اجلاس تو نہیں لیکن سینیٹ کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے، جس کمیٹی کا اجلاس ہے اس نے بھی کہا کہ پیش کریں۔
قائم مقام چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ عید کے بعد کی تاریخ رکھ دیتے ہیں تب تک آپ آئندہ سینیٹ اجلاس کی تاریخ پتہ کر لیں۔
عدالت نے سینیٹر اعجاز چوہدری کی درخواست پر سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔