برسلز: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج برسلز میں چوتھے یورپی یونین – انڈو پیسفک وزارتی فورم کے موقع پر ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سزجارٹو سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا جن میں سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، دفاعی تعلقات اور عوامی رابطے شامل ہیں۔ اس موقع پر خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کثیرالجہتی فورمز پر مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس دوران دونوں وزراء نے ہنگری کے سٹپیڈیم ہنگاریکم پروگرام 2026–2028 کے تحت تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی تجدید پر دستخط کیے، جس سے پاکستانی طلبہ کے لیے ہنگری میں اسکالرشپ کے مواقع میں اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔
مزید برآں انہوں نے دیگر زیر التوا معاہدوں کو جلد از جلد حتمی شکل دینے اور پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔