اسلام آباد: پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ ہم امریکا کی بہترین ٹیکنالوجی سے پاکستان کے توانائی، آبی ذخائر اور زراعت کے شعبوں میں جدت لائے ہیں گزشتہ 3 سال کے دوران بڑے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اپنے الوداعی پیغام میں کہا ہے کہ اپنے بطور سفیر تعیناتی کے دوران پاکستانی دوستوں کے ساتھ کام کیا اور شراکت داری کے نئے باب میں داخل ہوئے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ چیلنجز میں کورونا، 2022ء کا تباہ کن سیلاب اور لاکھوں افراد کی بحالی میں مدد کی فراہمی شامل ہے۔ ہم نے روزگار کے مواقعے پیدا کیے جس سے لوگوں کا معیارِ زندگی بہتر ہوا۔ چائے پر گپ شپ اور قوالی کے فن کے مظاہروں سے کرکٹ کھیلنے تک، سب پْرلطف اور فخریہ تجربات تھے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی سفیر مجھے پاکستان کے ہر کونے سے مہمان نوازی ملی، میں نے لاہور میں مشاہدہ کیا کہ کیسے اس تاریخی شہر میں ثقافت اور روایت رچ بس گئی ہے جبکہ میں نے پنجاب کے زرخیزز میدانوں میں کسانوں کے ساتھ چہل قدمی کی ہے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ ہم امریکا کی بہترین ٹیکنالوجی سے پاکستان کے توانائی، آبی ذخائر اور زراعت کے شعبوں میں جدت لائے ہیں۔ پاکستان کے ذہین ترین افراد سے ملاقات کی جن کا عزم اور تخلیقی صلاحیت مجھے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔
ڈونلڈ بلوم نے مزید کہا کہ پاکستان میں میری تعیناتی کا وقت ختم ہونے والا تھا تو میں روشنیوں کے شہر کراچی آنا چاہتا تھا، کراچی انٹرپرینیور، کاروباری رہنماوٴں کا شہر ہے جو اس ملک کے معاشی مستقبل کو چلا رہے ہیں۔
امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان قرض اور انحصاری سے آزادی کی طرف کام کر رہا ہے، ہم نے بھی تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کو اپنی اولین ترجیح بنا لیا ہے اور ہم مل کر ایک پر امید اور خوش حال مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔