اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کے خلاف درخواست پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔ فواد چودھری کی توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد۔ عدالت نے کہا الیکشن کمیشن کارروائی جاری رکھے لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہ کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کے خلاف درخواست پر سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جولائی کے پہلے ہفتے تک جواب طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی معطل کرنیکی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا الیکشن کمیشن کارروائی جاری رکھے لیکن کوئی حتمی فیصلہ نہ کرے۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فواد چودھری کے وکیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اور مجاز کمشنرکے پاس کارروائی کا اختیار ہے،چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کارروائی شروع کرنے کا اختیار نہیں دیا، کارروائی غیر قانونی ہے۔
کیس کی مزید سماعت جولائی کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔