اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے کمپٹیشن کمیشن کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
سی سی پی کے مطابق یہ یقین دہانی انہوں نے منگل کو کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی اور مارکیٹوں میں استحکام اور شفافیت کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اعلٰی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو اور ممبران نے شرکت کی اس کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری فنانس اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس وزیر خزانہ کے دسمبر 2024 کے پہلے ہفتے میں کمپٹیشن کمیشن کے دورے کے تسلسل میں منعقد ہوا، وزیر خزانہ نے کمپٹیشن کمیشن کے مختلف محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمیشن کے ممبران نے اپنے اپنے شعبے کی کارکردگی پر وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے کمپٹیشن کمیشن کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا، چیئرمین کمپٹیشن کمیشن ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے وزیر خزانہ کو مارکیٹ کی موثر مانیٹرنگ اور کمیشن کی انفورسمنٹ کی سرگرمیوں، بشمول کارٹلائزیشن اور تجارتی گٹھ جوڑ کی نشاندہی اور تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔
ڈاکٹر سدھو نے نئے فیصلوں کے نتیجے میں عائد کیے گئے جرمانوں، وصولیوں اور عدالتوں میں زیر التوا مقدمات پر بھی اپ ڈیٹ فراہم کی، حالیہ کمیشن کے تقرر کے بعد موثر پیروی کے نتیجے کی اب تک عدالتوں سے تقریباً 79 مقدمات کامیابی سے نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ دیگر مقدمات پر کارروائی جاری ہے۔
اجلاس میں کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل (سی اے ٹی) کے چئیرمین اور ممبران کی تقرری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ٹربیونل کا فعال ہونا ، کمپٹیشن قوانین کے مؤثر نفاذ اور کمپٹیشن سے متعلقہ مقدمات کے تیز تر حل کے لیے نہایت ضروری ہے۔
وزیر خزانہ پہلے بھی ٹربیونل کے چیئرمین اور دو اراکین کی تقرری میں معاونت فراہم کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں کمیشن کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔