گلگت :گلگت بلتستان بھر میں آج ڈوگرہ راج سے آزادی کی یاد میں 78واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یکم نومبر 1947 وہ تاریخی دن ہے جب گلگت بلتستان کے غیور عوام نے آزادی کا علم بلند کرتے ہوئے ڈوگرہ راج کے خاتمے کا اعلان کیا۔ گلگت سکاوٹس اور مقامی جانبازوں نے مہاراجہ کے کنٹرول کو ختم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ گلگت کی فضاؤں میں پاکستانی پرچم لہرایا۔
تاریخی جدوجہد کے تسلسل میں 14 اگست 1948 کو بلتستان کو بھی ہندوستانی تسلط سے آزاد کرایا گیا۔ اس طرح گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی قربانیوں سے پاکستان کے ساتھ الحاق کا خواب شرمندۂ تعبیر کیا۔
78ویں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب تاریخی چنار باغ گلگت میں منعقد ہوئی، جہاں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے پرچم کشائی کی۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور جنگِ آزادی کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب میں صوبائی وزراء، سول و عسکری حکام، طلبہ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گورنر سید مہدی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “یکم نومبر کا دن ہماری آزادی، قربانی اور خود ارادیت کی تاریخی یادگار ہے، جس نے ہمیں اپنی شناخت دی۔” انہوں نے مزید کہا کہ “گلگت بلتستان کے عوام کی 1947 کی جدوجہد آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، اور یہ دن قومی فخر، عزم و استقلال اور نئی امیدوں کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔”