کراچی :سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتیں آج تاریخ کی سب سے بڑی کمی کا شکار ہو گئیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت 355 ڈالر کی بڑی کمی سے 5 ہزار 150 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔ اس گراوٹ کو تاریخ کی سب سے بڑی کمی قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 35 ہزار 500 روپے کی نمایاں کمی سے 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جب کہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 30 ہزار 435 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے کی سطح پر آ گئی۔
اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 1106 روپے کی کمی سے 11 ہزار 069 روپے کی سطح پر آ گئی جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 949 روپے کی کمی سے 9 ہزار 489 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دن بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت پونے 6 لاکھ روپے تک پہنچ گئی تھی۔