حریم شاہ نے پاکستان ٹیم کی شکست سے متعلق حیران کُن دعویٰ کردیا

کراچی: پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے پاکستانی ٹیم پر کالا جادو کروایا۔

گزشتہ روز آئی سی سی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرکے 7 وکٹوں سے میچ جیت لیا، پاکستان کی بدترین شکست پر شائقین بےحد مایوس ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین کی جانب سے پاکستانیوں کا مذاق بھی اُڑایا جارہا ہے۔
ایسے میں معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے پاک بھارت میچ سے متعلق ایک حیران کُن دعویٰ کیا ہے۔

حریم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ‘معتبر ذرائع کے مطابق، بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم پر کالا جادو کرنے کے لیے کالے جادو کے ماہر کارتک چکرورتی کی خدمات حاصل کیں’۔

ٹک ٹاکر نے آئی سی سی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس کی تحقیقات کی جائے، یہ ناقابل قبول ہے’۔

یاد رہے کہ پاکستان کا 192 رنز کا ہدف بھارت نے 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بنایا، روہت شرما نے 63 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ شاندار بولنگ پر جسپریت بمراہ مین آف دی میچ قرار پائے۔