Home sticky post ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارش و برفباری، نظامِ زندگی مفلوج

ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارش و برفباری، نظامِ زندگی مفلوج

Share
Share

اسلام آباد:اسلام آباد، راولپنڈی سمیت مضافاتی اور سیاحتی مقامات میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ جبکہ ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارش و برفباری کی وجہ سے نظامِ زندگی مفلوج ہوگیاہے ۔رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث سیاحوں اورمکینوں کو شدید مشکلات کاسامناہے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد ،مری ،نتھیاگلی ،گلیات ،بالاکوٹ ،ایبٹ آباد ،مانسہرہ ،کوہستان سمیت گلگت بلتستان اورآزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس سے موسم شدیدسر دہوگیاہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری میں صرف مقامی افراد اور ہوٹل بکنگ رکھنے والے سیاحوں کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے، بغیر شناختی کارڈ یا ہوٹل بکنگ مری میں داخلہ ممنوع ہے۔ سیاحوں کو صرف مری ایکسپریس وے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ راولپنڈی مری جی ٹی روڈ ہیوی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اہم شاہراہوں پر کیمیکل کا چھڑکاوٴ اور برف ہٹانے کا عمل جاری ہے، جبکہ انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

بالاکوٹ اور گردونواح میں بارش و برفباری کا دوسرا اسپیل رات گئے سے جاری ہے۔ وادی کاغان کے سیاحتی مقامات ناران، شوگران، سری پائے اور بھونجہ ویلی میں ایک سے دو فٹ تک مزید برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر پانچ فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کے باعث وادی کاغان میں گزشتہ چار روز سے بجلی کی سپلائی بند ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ درجہ حرارت کئی مقامات پر نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔

بٹگرام، آلائی، چھتر پلین اور شانگلہ میں دوبارہ شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ شاہراہ قراقرم اور سی پیک بٹگرام تا اچھڑیاں ٹریفک کے لیے بند ہے۔ بجلی گزشتہ پانچ دنوں سے معطل ہے جبکہ درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر امدادی ٹیمیں برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔

گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں شدید برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر اور کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر معطل ہو گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بالائی علاقوں میں رات سے برفباری جاری ہے۔ شاہرائے نیلم لوات سے تاوبٹ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ گریس، شونٹھر اور سرگن ویلی کی سڑکیں بھی بدستور بند ہیں۔ برفباری کے باعث بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور کئی علاقے مکین گھروں میں محصور ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ناران، کاغان، سوات، چترال، کوہستان، مری، گلیات، وادی نیلم، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش، پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Share
Related Articles

ملک میں سونے کی قیمتوں میں آج بڑا اضافہ

کراچی :پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں آج...

امریکا کا اسرائیل کو 151 ملین ڈالرز کے بم فروخت کرنے کی منظوری کا فیصلہ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اسرائیل کو 151 ملین ڈالرز...

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں پر گفتگو

راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد...

پڑوسی ممالک کے خلاف کوئی حملہ یا میزائل حملے نہیں کیے جائیں گے،ایرانی صدر

تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ پڑوسی...