اسلام آباد: یومِ آزادی کے قریب آتے ہی ملک بھر میں جشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ہر شہر، گلی اور بازار سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور قومی رنگوں سے سج گئے ہیں۔ شہری بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ خریداری میں مصروف ہیں۔
مارکیٹوں، فٹ پاتھوں، اسٹالز اور سڑک کنارے لگے عارضی بازاروں میں یومِ آزادی کی مناسبت سے بیجز، جھنڈیاں، ٹوپیاں، قومی ربن، گھڑیاں، بچوں کے کھلونے اور پلاسٹک کی تلواریں دستیاب ہیں۔ ہر عمر کے لوگ جشن کی تیاریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس سال عوام کا جوش گزشتہ برسوں سے کہیں زیادہ ہے اور 14 اگست کے قریب خریداری کا رش بڑھ رہا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن نہیں بلکہ قومی اتحاد، قربانیوں کی یاد اور آزادی کی قدر و منزلت کا موقع ہے، اور وہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔