دبئی:آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت نے آسٹریلیا کی جانب سے ملنے والا 265 رنز کا ہدف اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 84 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور شبمن گل 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان روہت شرما 28 رنز بناکر چلتے بنے۔
ویرات کوہلی اور اور شریاس آئیر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھایا تاہم شریاس آئیر 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اکشر پٹیل 27 رنز بناکر بولڈ ہوئے ، ویرات کوہلی 84 جبکہ ہارڈک پانڈیا 28 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے، کے ایل راہول 42 اور رویندر جڈیجا 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زیمپا نے 2، 2 جبکہ کوپر کونولی اور بین ڈوارسہوئس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 264 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز بہتر ثابت نہ ہوسکا اور پہلی وکٹ صرف 4 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب اوپننگ بلے باز کوپر کونولی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ دوسری وکٹ 54 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی تیسری اور چوتھی وکٹ بالترتیب 110 اور 144 رنز کے مجموعی سکور پر گری، مارنس لیبوشگن 29 رنز اور جوش انگلس 11 رنز بناکر ہمت ہار گئے، پانچویں اور چھٹی وکٹ بالترتیب 198 اور 205 کے مجموعی سکور پر گری، کپتان اسٹیون اسمتھ 73 اور گلین میکسویل 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کینگروز کی ساتویں 239 کے مجموعی سکور پر گری جب بین ڈوارشوئس 19 رنز بناکر کیچ تھمابیٹھے، آٹھویں وکٹ 249 کے مجموعی سکور پر گری جب ایلکس کیری 61 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، ایڈم زمپا 7 اور نیتھن ایلس 10 رنز بناکر چلتے بنے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، روندرا جڈیجا اور ورون چکرورتھی نے 2، 2، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل اتوار 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔