Home highlight پاکستان کو سیرت طیبہ ﷺ کی عملی تعبیر بنانا ہمارا قومی عزم ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا 12 ربیع الاول پرپیغام

پاکستان کو سیرت طیبہ ﷺ کی عملی تعبیر بنانا ہمارا قومی عزم ہے، وزیراعظم شہبازشریف کا 12 ربیع الاول پرپیغام

Share
Share

اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان کو درپیش مسائل چاہے وہ معاشی ہوں یا سماجی ان کا پائیدار حل اسی وقت ممکن ہے جب ہم نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں۔ ہماری پالیسیوں کا مقصد مساوات، غربت کا خاتمہ اور علم و تحقیق کا فروغ ہے تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بن سکے۔

بارہ ربیع الاول جشن ولادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے دن آج سے 1500 برس قبل سرزمینِ مکہ میں نبی آخرالزماں حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت نے ظلمتوں کو نور میں بدل دیا اور انسانیت کو عدل، رحمت، مساوات اور وحدت کی نئی راہیں دکھائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال، پاکستان سمیت پوری دنیا میں سالِ رحمت للعالمین ﷺ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قراردادیں، جن کی رو سے نبی مکرم ﷺ کی 1500ویں ولادت باسعادت کو ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منانے کا فیصلہ کیا گیا، اس امر کی گواہ ہیں کہ ہم بحیثیت قوم اپنے محبوب نبی رحمت ﷺ کی تعلیمات کو اپنے دستور، قانون اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

محمد شہبازشریف نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے۔ حکومت و سیاست ہو، عدل و انصاف ہو، معیشت اور تجارت ہو، یا معاشرتی اقدار ہوں، سیرتِ طیبہ ہمارے لیے ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ قرآن ہمیں واضح الفاظ میں بتاتا ہے کہ “تمہارے لیے اللہ کے رسول ﷺ میں بہترین نمونہ ہے، ہر اس شخص کے لیے جو اللہ اور یومِ آخرت کی امید رکھتا ہے۔”

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج جب دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی سے روابط میں تیزی اور فاصلے سمٹ گئے ہیں۔ ایسے میں ہمیں اپنی نئی نسل کو خیر، علم اور امن کی طرف راغب کرنے کیلئے انہیں حیات طیبہ ﷺ سے روشناس کرانا ہوگا۔ نبی اکرم ﷺ کی سیرت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ زبان اور کلمہ خیر و بھلائی کے لیے استعمال ہو، اس لئے ہمیں نسل نو کو جدت کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کے لازوال اصول جو نبی آخرزماں حضرت محمد ﷺ نے امت کیلئے واضح کئے ان پر عمل پیرا ہوتے ہوئے انکے محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو دنیا تک پہنچانے کی ترغیب دینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک پاکستان کو سیرتِ طیبہ کی عملی تعبیر بنانا ہے۔ ہمیں تعصب، فرقہ واریت، انتہاپسندی اور نفرت کی ہر شکل کو رد کرنا ہے اور بھائی چارے، ایثار اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان کو درپیش مسائل چاہے وہ معاشی ہوں یا سماجی ان کا پائیدار حل اسی وقت ممکن ہے جب ہم نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئیں، ہم سب آج کے دن اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم سب ملک پاکستان کو سیرت النبی ﷺ کے سنہری اصولوں پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری پالیسیوں کا مقصد مساوات، غربت کا خاتمہ اور علم و تحقیق کا فروغ ہے تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بن سکے۔

وزیراعطم نے مزیدکہا کہ میری اللہ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے، اتحاد و یگانگت عطا فرمائے، اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی محبت و اطاعت میں زندگی گزارنے کی توفیق دے۔ آمین۔

Share
Related Articles

ضرورت پڑنے پر ایران کے خلاف کارروائی دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے، امریکی وزیرِ دفاع

سنگاپور: امریکی دفاعی پالیسی پر اہم بیان امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ...

گلگت بلتستان کے انتخابی ماحول پر تشویش، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا چیف جسٹس کو خط

پشاور: آزاد اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی درخواست وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا...

رامیپرل دوا کی کھیپ میں خوراک کی خرابی کا انکشاف، برطانیہ میں ہیلتھ الرٹ جاری

لندن: بلڈ پریشر اور گردوں کے مریضوں کے لیے اہم انتباہ برطانیہ...

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا مزید مہنگا، چاندی سستی ہوگئی

کراچی: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا...