بیجنگ:بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس دن 1947ء میں بھارتی افواج نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کیا تھا ۔ تقریب کا مقصد کشمیری عوام پر جاری ظلم و ستم اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کی سنگینی کو اجاگر کرنا تھا۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب کے دوران صدر مملکت، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لئے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پیغامات میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت بھی کی گئی۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے تقریب سے خطاب میں اس دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنا اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کی اہمیت کا اعادہ کرنا ہے۔
انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر چین کی حمایت کو سراہا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خودارادیت کے اصول کی توثیق کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا جلد اور منصفانہ حل جنوبی ایشیا اور اس سے آگے امن کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا۔ شرکا نے تقریب کے اختتام پر تصویری نمائش دیکھی جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عکاسی کی گئی۔