اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کا مستقبل اس کے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم میں مضمر ہے۔ملالہ یوسفزئی تعلیم سے متعلق دنیا بھر کی لڑکیوں کےلیے رول ماڈل ہیں۔
اسلام آباد میں انٹرنیشنل ایجوکیشن کانفرنس سے خطاب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کا شکرگزار ہوں، جنہوں نے ہمیں اکٹھا کیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی کی کنجی ہے، ہمارے مذہبی عقائد بھی ہمیں تعلیم کی اہمیت سے روشناس کرواتے ہیں، کانفرنس میں شریک تمام شرکا اور مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ صدر آصف زرداری نے کانفرنس کے شرکاء کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، دنیا بھر سے آئے ماہرین تعلیم اور سفارتکاروں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کا شکرگزار ہوں، جنہوں نے کانفرنس میں شرکت کی، یہ تعلیم سے متعلق دنیا بھر کی لڑکیوں کےلیے رول ماڈل ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ میڈیا اور آئی ٹی کا خواتین کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ہے، لڑکیوں کی تعلیم کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور بہتر مستقبل کےلیے تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، کانفرنس کی سفارشات لڑکیوں کی تعلیم کےلیے پالیسی سازی میں اہم ثابت ہوں گی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حضور پاک صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ علم حاصل کرنا ہر ایک پر فرض ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے بھی تعلیم کی اہمیت اور حصول پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم اور عالمی برادری بذریعہ تعلیم لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے عزم کی تجدید کریں، کسی بھی معاشرے کا مستقبل اس کے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم میں مضمر ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پڑھی لکھی اور خواندہ خواتین پائیدار اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں، تاریخ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ تعلیم یافتہ مسلم خواتین نے معاشروں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف ایک پالیسی بلکہ ایک ترجیح کے طور پر بچیوں کی تعلیم کےلیے پُرعزم ہے، ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک پاکستان کی ہر بچی کو سیکھنے کا موقع نہیں مل جاتا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2011 میں بطور وزیراعظم مجھے ملالہ کو بہادری پر نیشنل یوتھ پیس پرائز دینے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ہے۔بطور چیئرمین سینیٹ میں ہر بچے خصوصاً لڑکیوں کو بذریعہ تعلیم بااختیار بنانے کےلیے پُرعزم ہوں، لڑکیوں کی تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھانے کیلئے ہمیں ایک جامع نقطہ نظر اپنانا ہوگا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، نامور مسلم خواتین تعلیم کے شعبے کےلیے بہترین اداروں کا قیام عمل میں لائیں۔
انہوں نے کہا کہ صنفی امتیاز سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، ہر لڑکی کے حصول تعلیم تک حکومت اپنا مشن جاری رکھے گی۔