اسلام آباد:سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے اگلے برس تمام حج پرائیویٹ آپریٹرزکے ذریعے ہو۔پرائیویٹ حج آپریٹرز عدالت سے کیسز واپس لیں بصورت دیگر ان کا کوٹہ ختم کردیا جائے گا۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا عطا اللہ الرحمن کی ذیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس سعودی عرب کی ہدایت پر کمپنیوں کی تعداد 500 سے کم کرکے162 کردی گئی، ہم چاہتے ہیں حکومت حج انتظامات سے نکل جائے۔
سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے کہا کہ ہوسکتا ہے اگلے برس تمام حج پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے ہو، پرائیویٹ حج آپریٹرز عدالت سے کیسز واپس لیں بصورت دیگر ان کا کوٹہ ختم کردیا جائے گا، وزرات مذہبی امور میں پہلے 904 کمپنیوں کو پرائیویٹ حج کے حوالے سے رجسٹرڈ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے اتنی کمیٹیوں پر پریشان ہوا، اس سال سعودی عرب نے 2 ہزار حج کوٹہ فی کمپنی کردیا گیا جو 46 کمپنیوں کو دیا گیا، سعودی عرب کی ہدایت پر پرائیویٹ حاجی اسکیم کے تحت حج کوٹہ 46 کمپنیوں کو دیا گیا۔نمائندہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے بتایا کہ پرائیویٹ حج کے حوالے سے 80 شکایات جبکہ سرکاری حج اسکیم کی 18 ہزار شکایات موصول ہوئی۔
ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ سعودی حکام 904 کمپنیوں کو ڈیل نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے ہی کمپنیوں کو کم کرکے 46 کرنے کا حکم دیا، پرائیویٹ حج آپریٹرز سندھ ہائیکورٹ میں بھی گئے، عدالت نے اجلاس کے منٹس مانگے جس سے پرائیویٹ حج کوٹہ متاثر ہوگا، اگر معاملہ تاخیر کا شکار ہوا تو سعودی عرب پرائیویٹ کوٹہ منسوخ بھی کرسکتے ہیں۔ چار چھ اور دس دس کمپنوں ضم ہوکر ایک بنی اور 46 کمپنیوں کو ایس ای سی پی میں رجسٹریشن ہوئیں۔
پرائیویٹ حج کے لئے پرائیویٹ آپریٹرز کی تعداد کم کرنے پر حج آپریٹرز اور مذہبی مور میں اختلافات دور کرنے پر اقلیتی رکن ڈاکٹر دنیش کمار نے تجاویز دیں۔
چیئرمین کمیٹی مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر دنیش حج پر اس طرح دلائل دے رہے ہیں جیسے انہوں نے چار حج کیے ہیں، ان کے ان ریمارکس پر قہقہے لگ گئے۔دنیش کمار نے کہا کہ میں حج کے بارے میں معلومات رکھتا ہوں، میں تو سینٹ میں سود کے خلاف تقریر میں قرانی آیات کا حوالہ بھی دے چکا ہوں۔
سیکرٹری نے بتایا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے کمپنیوں کی تعداد کم کرنے کے خلاف مقدمہ واپس نہ لیا تو کوٹہ منسوخ ہو جائے گا، منسوخ شدہ کوٹہ انڈیا یا افغانستان کو چلا جائے گا،سعودی عرب نے کوٹہ واپس لے لیا تو ہم اعتراض نہیں کریں گے۔
سینیٹ کمیٹی نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آپریٹرز مل بیٹھ کر کمپنیوں کا مسئلہ حل کریں، سیکرٹری نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی پالیسی کے خلاف نہیں جا سکتے، ان سے باقاعدہ معاہدہ ہوا ہے۔
سینیٹر ڈاکٹر افنان نے کہا کہ کوٹہ واپس ہو گیا تو اس سے ملک کی بہت بدنامی ہوگی، سیکرٹری نے کہا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے اب تک وزارت مذہبی امور سے معاہدہ نہیں کیا، چار روز رہ گئے، معاہدہ نہ ہوا تو کوٹہ واپس ہو جائے گا۔سیکرٹری، پرائیویٹ حج کمپنیوں کی تعداد 904 سے بتدریج 46 کی گئی ہے۔
سیکرٹری نے کہا کہ حج کمپنیوں کی تعداد سعودی عرب سے معاہدے اور ان کی ہدایت پر کم کی گئی ہے، حج کمپنیوں کی تعداد کم کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی، سعودی عرب سے معاہدے کے سبب وفاقی کابینہ اب اس حج پالیسی پر نظر ثانی نہیں کر سکتی۔پرائیویٹ حج آپریٹرز نے کہا کہ ہم نے پرائیویٹ حج کے لیے سعودی عرب رقم ایڈوانس بھجوادی ہے، کمیٹی نے کہا کہ وزارت مذہبی امور سے معاہدہ کیے بغیر آپ کو حج کوٹہ نہیں ملے گا، اس طرح پرائیویٹ آپریٹرز کی ایڈوانس بھجوائی گئی رقم ضائع ہو جائے گی۔
کمیٹی نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز جلد از جلد وزارت مذہبی امور سے معاہدہ کر لیں، سیکرٹری نے کہا کہ اگر پرائیویٹ حج آپریٹرز نے وزارت سے معاہدے کے بغیر سعودی عرب رقم بھجوائی ہے تو یہ غیر قانونی عمل ہے۔مولانا عطاالرحمن نے کہا کہ اسٹے واپس نہ ہوا تو اس سے کوٹہ واپس چلا۔جائے گا، کوٹہ واپس ہونے سے ملک کی بہت بدنامی ہوگی۔