Home sticky post لاپتہ افراد کیس: وفاقی آئینی عدالت نے سیکرٹری دفاع سمیت دیگر افسران کے خلاف توہین عدالت کارروائی سے روک دیا

لاپتہ افراد کیس: وفاقی آئینی عدالت نے سیکرٹری دفاع سمیت دیگر افسران کے خلاف توہین عدالت کارروائی سے روک دیا

Share
Share

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت میں لاپتہ افراد کیس میں حکام کے خلاف کارروائی کے فیصلے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی سے روک دیا۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ایس ایچ او تھانہ گولڑہ کے خلاف کارروائی پر بھی حکم امتناع جاری کر دیا۔

چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

آئینی عدالت نے سیکرٹری دفاع اور دیگر افسران کی جانب سے دائر اپیلیں سماعت کے لیے منظور کر لیں۔

سماعت کے دوران جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا کہ افسران کے خلاف کارروائی کا حکم کس بنیاد پر دیا گیا؟ کیا یہ تعین ہو چکا تھا کہ لاپتہ شخص سرکاری تحویل میں ہے؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور دُگل نے عدالت کو بتایا کہ ریکارڈ پر ایسا کوئی مواد موجود نہیں تھا جس سے یہ تعین ہوتا کہ لاپتہ شخص سرکاری تحویل میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اہلخانہ نے عدالت میں لاپتہ شخص کے سرکاری تحویل میں ہونے کا بیان حلفی جمع کرایا تھا جبکہ افسران نے اپنے بیان حلفی میں اس کی تردید کی تھی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق عدالت نے حبس بیجا کے کیس میں افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا تھا اور محکمانہ کارروائی نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی جاری کی گئی۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ حبس بیجا کے کیس میں ہائی کورٹ اس نوعیت کا حکم نہیں دے سکتی۔

منور دُگل نے بتایا کہ انٹرا کورٹ اپیل کو ہائی کورٹ نے ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا تھا۔

آئینی عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہری ساجد الرحمان کی سرکاری تحویل سے رہائی اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔

Share
Related Articles

امریکی سینیٹر لنزے گراہم 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

ریپبلکن رہنما اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی طویل سیاسی خدمات...

یورپ میں شدید گرمی کی لہر، جنگلات میں ہولناک آتشزدگی، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

فرانس، اسپین، پرتگال اور یونان میں 42 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ...

لنڈا نوسکووا ومبلڈن اوپن خواتین سنگلز کی نئی چیمپئن بن گئیں

ہم وطن کیرولینا موچووا کو شکست دے کر کیریئر کا پہلا گرینڈ...

او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین، تکنیکی سیشنز جاری، مرکزی اجلاس کل ہوگا

57 رکن ممالک کے 190 مندوبین کی شرکت، خواتین کے حقوق، بااختیار...