اسلام آباد:این ڈی ایم اے نے18تا22جون تک ممکنہ موسمی صورتحال اور مختلف علاقوں کے لیے ہیٹ ویو/لوالرٹ جاری کر دیا ۔
ایڈوائزری کے مطابق 18تا 22جون تک جنوبی پنجاب، سندھ، مشرقی بلوچستان اور خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔سندھ میں جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر، خیرپور، اور نواب شاہ جبکہ جنوبی پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، اور راجن پور کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کاامکان ہے ۔
ایڈوائزری کے مطابق مشرقی بلوچستان میں سبی، نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی، اور جعفرآباد؛ جبکہ جنوبی خیبر پختونخواہ میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، اور بنوں کے علاقوں میں موسم گرم رہنے اور گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے ۔
ایڈوائزری میں عوام سے التماس کی گئی ہے کہ گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی اور مشروبات پئیں، سایہ دار جگہوں پر رہیں، بچوں بزرگوں اور بیمار افراد کا خیال رکھیں۔ چھوٹے بچوں اور پالتو جانوروں کو کھڑی گاڑیوں میں اکیلا نہ چھوڑیں۔ شدید دھوپ کے اوقات میں بیرونی سرگرمیوں سے گریز کریں، اگر دھوپ میں نکلنا نہایت ضروری ہو تو ضروری حفاظتی اقداما ت یقینی بنائیں۔
عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔