اسلام آباد:وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی ابہام میں نہ رہے ، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم ہو گی ۔اڈیالہ جیل کے باہر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کی بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات پر پابندی ہو گی ۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک سو نوے ملین میگاکرپشن میں سزا یافتہ اور عدالتی فیصلے کے مطابق جیل میں ہیں ۔پاکستان کو بدنام کرنے کےلیے ان لوگوں نے انٹرنیشنل میڈیا پر مذموم مہم چلائی ۔ جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی ہو گی ۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی آئی کی سیاست کا مقصد ملک کی سلامتی اور مفادات کو نقصان پہنچانا ہے، یہ سب اپنی ذات کے لیے لڑ رہے ہیں ۔
ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ این ایف سی اجلاس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی شرکت خوش آئند ہے ۔وزیراعظم نے متعدد بار اس پیشکش کو دہرایا ہے کہ ہم صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ملکر کام کرنے کو تیار ہیں ۔