اسلام آباد:وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ڈیجٹیل پرائز بانڈز رجسٹرڈ رولز کا مسودہ جاری کردیا اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز و عوم الناس سے اس مسودے کے بارے میں آراء و تجاویز بھی طلب کرلیں۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے کے بعد بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے وزارت خزانہ نے ڈیجٹیل پرائز بانڈز رجسٹرڈ ڈرافٹ رولز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے.
وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیجٹل پرائز بانڈز کا لین دین موبائل ایپ کے ذریعے کیا جائے گا، انعامی رقم پر ٹیکس لگے گا، زکوٰة لاگو نہیں ہوگی، ڈیجٹیل بانڈز میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد نہیں ہوگی، ہر پاکستانی بالغ شہری بانڈز کے لیے اہل ہوگا۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق بانڈزکے ٹرانسفر آف اوونرشپ اورپلیجنگ کی اجازت نہیں ہوگی، سرمایہ کار کی وفات کی صورت میں قانونی ورثا کو رقم ادا کی جائے گی۔
حکام کے مطابق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی مرنے والے کے بانڈ کی رقم جانشینی کے سرٹیفکیٹ کیمطابق ادا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ مینوئل پرائز بانڈز پر انعام نکلنے کی صورت میں انعامی رقم پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 156 کے تحت ود ہولڈنگ ٹیکس منہا کیا جاتا ہے، ٹیکس کٹوتی کی موجودہ شرح فائلرز کے لیے 15 فیصد اور فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست میں شامل نہ ہونے والے افراد کے لیے 30 فیصد ہے۔