اسلام آباد:چیف ایڈوائزر بنگلہ دیش کے معاونِ خصوصی برائے خزانہ انیس الزماں چوہدری نے وزارتِ خزانہ میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے لیے شراکت داری کے عمل کو تیز کرنے پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے، توانائی، ٹرانسپورٹ اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ اس موقع پر براہ راست پروازوں کی بحالی پر بھی بات چیت ہوئی تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں۔
فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان قریبی اقتصادی اور سفارتی تعلقات کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ملاقات میں پاکستان میں بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین خان، قونصلر (پریس) محمد طیب علی، ہیڈ آف چانسری عصرت جہاں، اور وزارتِ خزانہ کے اکنامک ایڈوائزر ڈاکٹر حسن محمد محسن بھی موجود تھے۔