راولپنڈی:پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان المرصوص کی تکمیل کا اعلان کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 10 مئی کی کارروائیاں آپریشن بنیان المرصوص کا حصہ تھیں، پاکستان نے بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے10مئی تک کے معرکے کو معرکہ حق کا نام دے دیا۔
آئی ایس پی آر نے معرکہ حق 22 اپریل سے 10 مئی 2025 کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عسکری تنازع “معرکۂ حق” کے تحت، بھارتی فوج کے بزدلانہ حملوں کے ردعمل میں کیا گیا، بھارت کی جانب سے حملے 6 اور 7 مئی 2025 کی شب شروع ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ حملوں کے نتیجے میں معصوم شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کی جانیں ضائع ہوئیں، پاکستان نے بھارتی فوجی جارحیت اور ہمارے شہریوں کے بے رحمانہ قتل کے خلاف انصاف اور بدلہ لینے کا عزم کیا تھا، ہم اللّٰہ کے حضور انتہائی عاجزی کے ساتھ سجدہ ریز ہیں، اللّٰہ نے ہمیں ہمارے عزم کو میدانِ جنگ میں فیصلہ کن اقدامات میں بدلنے کی توفیق عطا فرمائی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج نے 26 بھارتی فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، براہموس میزائل ذخائر اور ایس 400 سسٹمز کو مؤثر انداز میں تباہ کیا گیا۔
پاکستان کا جواب تینوں مسلح افواج کے باہم مربوط تعاون کی ایک مثالی مثال تھا، فضا، خشکی، سمندر، سائبر کے میدانوں میں یہ ہم آہنگی کارروائی کی کامیابی کا باعث بنی، ہم آہنگی انتہائی درست نشانے، بھرپور تباہ کن قوت، بجلی کی سی رفتار سے کارروائی کو ممکن بنانے کا باعث بنی، تمام پلیٹ فارمز نے باہمی ربط و تعاون سے کام کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے دور ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانے والے فتح سیریز میزائل ون اور ٹو کا استعمال کیا۔