اوکاڑہ: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ہمراہ موثر امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ پاک فوج نے اب تک 423 افراد کو سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ دریائے راوی پر جندراکہ کے مقام پر پاک فوج کی تین ٹیمیں کشتیوں اور ریسکیو آلات کے ساتھ تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ فوری امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔
مزید فوجی دستے 12 گھنٹے کے نوٹس پر الرٹ رہیں گے اور ساہیوال و ہیڈ سدھنائی میں ریسکیو آپریشن کی مکمل تیاری کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے جندراکہ، مبالکے اور بنگلہ گوگیرا سمیت مختلف علاقوں میں ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
اسی طرح، پاک فوج سرگودھا میں بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ فوجی جوان کشتیوں کے ذریعے بچوں اور خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ کوٹ مومن میں مجموعی طور پر 1500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے طبی امداد کے بھی موثر انتظامات کیے گئے ہیں اور وہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ پاک فوج کا عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ملک بھر میں قابل تحسین اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔