اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر علم و تدریس کی معاشی و معاشرتی زندگی میں اہمیت اور ترقی و خوشحالی میں بنیادی حیثیت کو اجاگر کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے۔
خواندگی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تعلیم انفرادی اور اجتماعی سطح پر کسی بھی قوم کی بنیادوں کو مضبوط کرتے ہوئے تابناک مستقبل کی طرف سفر کرنے کا نام ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں خواندگی کی شرح 60 فی صد ہے جو کہ نہ صرف دنیا کے جدید تقاضوں سے کم ہے بلکہ جنوبی ایشیا کے دوسرے ممالک سے بھی کم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم تعلیم کے حصول کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ہم اپنے بچوں، جوانوں اور معاشرے کی اجتماعی ترقی کے راستے کھول سکیں۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں علم و تدریس کے فروغ اور خواندگی کے شرح میں اضافہ کے لیے متحد ہیں۔ اس قومی مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہر بچہ نہ صرف بنیادی تعلیم حاصل کرے بلکہ اعلی تعلیم، ہنر مندی اور ٹیکنیکل علم سے اسکی واقفیت بھی یقینی ہو۔