اسلام آباد:سول اور عسکری قیادت کی ہم آہنگی سے پاکستان نے ہر میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اب قوم ایک نئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ ہمارا اگلا ہدف معاشی استحکام اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کے موضوع پر اسلام آباد میں سیمینارہوا جس میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف اور عطاءاللہ تارڑ نے خطاب کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔امریکہ، چین، سعودی عرب اورخلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ سول اور عسکری قیادت کی ہم آہنگی کے باعث ملک ہر میدان میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔موثر سفارت کاری کے ذریعے معاشی شراکت داری کا فروغ وزیراعظم کا وژن ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستانی قوم کاسرفخرسے بلندہوا۔ ہم بیانیہ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ہمارا بیانیہ ایک بھرپور جواب کی صورت میں ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف جھوٹابیانیہ اور دوسری طرف واضح حقائق نے بھارت کے بارے میں دنیاکی آنکھیں کھول دیں۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔بھارت ہمیشہ کی طرح جارحیت کا مرتکب رہا ہے مگر پاکستان نے ہر بار مؤثر اور ذمہ دارانہ جواب دیا۔
سیمینار میں دیگر مقررین نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی امن، تعاون اور استحکام کے اصولوں پر مبنی ہے۔ہماری سفارت کاری آئندہ بھی قومی مفادات کے تحفظ اور عالمی امن کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔