اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیل کی بلااشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ نہایت سنگین نوعیت کا ہے اور سلامتی کونسل کو فوری طور پر اس پر غور کرتے ہوئے مناسب اقدام اٹھانا چاہیے۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے قطر کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر قطر کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنے سفارتی کردار کو بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔