Home sticky post 5 پاکستان کا عالمی سطح پر کینسر کے علاج کے لیے عزم، آئی اے ای اے کے سائیڈ ایونٹ میں بھرپور شرکت

پاکستان کا عالمی سطح پر کینسر کے علاج کے لیے عزم، آئی اے ای اے کے سائیڈ ایونٹ میں بھرپور شرکت

Share
Share

اسلام آباد / ویانا: آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقدہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کی جنرل کانفرنس کے سائیڈ ایونٹ بعنوان “Beyond Boundaries: The Rays of Hope Anchor Centres Network and the Future of Cancer Care” میں پاکستان نے کینسر کے خلاف عالمی جدوجہد میں اپنے مؤثر کردار اور عزم کا بھرپور اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC)، ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ کینسر ملک میں ایک سنگین صحت کا مسئلہ ہے، جہاں ہر سال 1,80,000 سے زائد نئے کیسز سامنے آتے ہیں۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پی اے ای سی نے ملک بھر میں 20 کینسر ہسپتال قائم کیے ہیں، جہاں تربیت یافتہ عملہ عوام کو تشخیصی اور علاج کی معیاری سہولیات مفت یا رعایتی نرخوں پر فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان ہسپتالوں سے ملک کے 80 فیصد سے زائد کینسر مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ یہ اقدامات اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف 3 (اچھی صحت اور فلاح و بہبود) کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہیں۔

ڈاکٹر انور نے مزید بتایا کہ پاکستان نے آئی اے ای اے کے “Rays of Hope” پروگرام میں بھی شمولیت اختیار کی ہے، جس کے تحت ترقی پذیر ممالک کو تربیت، مہارت اور بہترین طریقہ کار فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2023 میں اسلام آباد میں قائم نیوکلئیر میڈیسن، آنکولوجی و ریڈیوتھراپی انسٹیٹیوٹ (NORI) کو IAEA کا اینکر سینٹر قرار دیا گیا — یہ پاکستان کا پہلا سرکاری ہسپتال ہے جس میں جدید ترین “سائبر نائف” ٹیکنالوجی دستیاب ہے۔ NORI نہ صرف وفاقی دارالحکومت کے باسیوں کو سہولیات فراہم کرتا ہے بلکہ ہمسایہ ممالک کے مریض بھی یہاں علاج کے لیے آتے ہیں۔

نوری NORI کی تعلیمی و تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ تین بین الاقوامی ہائبرڈ سیمینارز کی میزبانی کر چکا ہے، جن میں دنیا بھر سے 500 سے زائد شرکاء نے آن لائن شرکت کی۔ مزید برآں، NORI عالمی تحقیقی پلیٹ فارمز جیسے کہ ایم ڈی اینڈرسن کورسز میں بھی سرگرم کردار ادا کر رہا ہے، اور IAEA کی فراہم کردہ ورچوئل ریئلٹی ہیڈ سیٹس کی مدد سے سروائیکل کینسر کے علاج میں تربیت کو فروغ دے رہا ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے عالمی سطح پر کینسر کے خلاف کوششوں میں آئی اے ای اے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، اور “Atoms for Health” کے ایجنڈے کو مزید تقویت دینے کا عہد کیا۔

Share
Related Articles

وزیراعظم کی زیر صدارت علاقائی صورتحال کے تناظر میں ملکی معیشت پر جائزہ اجلاس،اہم فیصلے

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت علاقائی صورتحال کے تناظر...

سرکاری و نجی اداروں میں 50 فیصد ملازمین کو ورک فرام ہوم، ہفتے میں چار دن کام ہوگا، وزیراعظم

اسلا م آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال...

محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نےخیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی...