لاہور:پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے میں مزید بارشوں اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 اور 27 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش متوقع ہے۔ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے گا۔ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ مری میں آنے والے سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مری میں برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔