نئی دہلی: بھارت میں کسانوں کی تحریک ایک بار پھر متحرک ہو گئی، پنجاب اور ہریانہ میں “دہلی چلو” مارچ کا دوبارہ آغاز ہو گیا۔کسان رہنما سرون سنگھ پانڈھر کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کسانوں کے جائز مطالبات کو نظرانداز کر رہی ہے ہم نے احتجاج دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ہریانہ پولیس کو آگاہ کیا کہ ہمارا مارچ پرامن ہوگا۔
کسان یونینز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کی دہلی چلو تحریک آج 6 دسمبر سے دوبارہ شروع ہو گئی، “دہلی چلو مارچ” کسان مزدور مورچہ اور کسان یکجہتی مورچہ کے زیر اہتمام ہو رہا ہے۔
ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مزاحمت کے بعد کسانوں نے ٹریکٹر کی بجائے چھوٹے جتھوں میں دہلی پیدل جانے کا فیصلہ کیا ہے، کسانوں کے “دہلی چلو” مارچ کے پیش نظر دارالحکومت کی سرحدوں اور اس سے متصل پورے علاقے میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
کسان رہنما سرون سنگھ پانڈھر کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کسانوں کے جائز مطالبات کو نظرانداز کر رہی ہے حالانکہ کسان گزشتہ 10 مہینوں سے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، ہم نے احتجاج دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور ہریانہ پولیس کو آگاہ کیا کہ ہمارا مارچ پرامن ہوگا۔
سرون سنگھ پانڈھر کا مزید کہنا ہے کہ وزیر مملکت برائے ریلوے روینت سنگھ بٹّو اور ہریانہ کے وزیر زراعت نے کسانوں کو دہلی پیدل جانے کا اشارہ دیا، وقت آگیا ہے حکومت وعدوں کو پورا کرے، اگر دہلی جانے کی اجازت نہ ملی تو تصادم ہوگا۔
یادرہے کہ اس سے قبل فروری میں کسانوں کی دہلی جانے کی پہلی کوشش ہریانہ میں سکیورٹی فورسز کی سخت مزاحمت کا شکار ہوئی جس میں کئی کسان ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔
بھارت میں “دہلی چلو مارچ” کسانوں کے اتحاد اور مودی سرکار کی زرعی پالیسی میں کی جانے والی ناانصافیوں کے خلاف مزاحمت کی علامت بنی ہوئی ہے، مودی سرکار کسان مارچ تحریک اور آزادی حق رائے کا گلا گھو نٹ کر اپنی انتہا پسندانہ پالیسیوں کو پروان چڑھانا چاہتی ہے۔