کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ کونسل نے کینال منصوبے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں پی پی پی کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران سمیت اراکین پارلیمان اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 4 اپریل کو 46 ویں یوم شہادت کے موقع پر ملک بھر کے عوام گڑھی خدابخش بھٹو کے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے بھرپور خراج عقیدت پیش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سندھ کونسل کی جانب سے دریائے سندھ پر کینال منصوبے کے خلاف قراردادوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دریائے سندھ پر نئے کینالوں کے خلاف ہے اور پارٹی شروع سے ہی اس منصوبے کے خلاف اپنا بھرپور آواز اٹھاتی آ رہی ہے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کے 6 کینالوں کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کا منصوبہ ہے اور سندھ کو دریائے سندھ پر کسی کینال کا منصوبہ قبول نہیں ہے اسی لیے وفاقی حکومت 6 کینالوں کے منصوبے سے دست برداری کا اعلان کرے اور سندھ کی آواز کو سننے کے لئے سی سی آئی کا اجلاس طلب کیا جائے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کے سندھ کو انڈس رور سسٹم سے نئے کینال منصوبہ کسی صورت قبول نہیں ہے، سسٹم میں پہلے ہی پانی کی سخت کمی ہے تو ان کینالوں میں پانی کہاں سے لایا جائے گا۔
قرارداد کے ذریعے پیپلز پارٹی کی سندھ کونسل نے دریائے سندھ پر 6 کینالوں کے منصوبے کو مسترد کیا اور قرارداد میں کہا گیا کے پیپلز پارٹی ارسا اور وفاق سے مطالبہ کرتی ہے کہ پانی کے 1991 کے معاہدے کے پیرا ٹو کے تحت یقینی بنا کر سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں قرارداد میں جعفر ایکسپریس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کے دہشت گردوں کو بہادری سے شکست دینے پر سیکیورٹی فورسز اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔