اسلام آباد:2025 ء نبی کریم ﷺ کی1500 ویں ولادت باسعادت کاسال ہے۔ 12 ربیع الاول، انتہائی عقیدت و احترام سے منانے کے لئے ملک بھر میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ گلیاں، کوچے اور بلندوبالا عمارتیں جگمگااٹھیں۔
مُحسنِ ِ انسانیت ،رحمۃ للعالمین ، شفیع المذنیبین، حضور سرورِ کونین ﷺ کےعالم بالا سے عالم ِ امکان میں جلوہ گر ہو نے کے مبارک موقع پر شہر شہر قریہ قریہ رنگ و نور سے دمک رہا ہے، فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں، گھر، مساجد اور عمارتیں جگ مگارہی ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم نے ربیع الاول سال 1447ھ کو نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500سال مکمل ہونے پررکن ملکوں کو اس حوالے سے خصوصی طور پر آپ ﷺ کی ذات عالی کو خراج تحسین پیش کرنے اور آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سےاس ماہ مبارک میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ” منا یا جا رہا ہے جس میں 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد بھی ہو رہا ہے۔
12 ربیع الاول کو ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ،قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس نکالے جائیں گے اور محافل درود و سلام کا انعقاد کیا جائے گا ۔
نبی کریم ﷺ کی تعلیمات ہمیں برداشت، مساوات، عدل، امانت، حیا، دیانت، مشاورت اور خدمتِ خلق جیسے اوصاف عطا کرتی ہیں جن کی آج کے پاکستانی معاشرے کو اشد ضرورت ہے۔