اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان سیز فائر کا کریڈٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جاتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کو ہولناک تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی قیادت سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت خیالات کا خیر مقدم کرتے ہیں، امریکا کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، امریکا مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔