اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ اور مؤثر نفاذ کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ترقی کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے ان پر تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے۔
یہ بات انہوں نے مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ کو مصنوعی ذہانت کی مدد سے مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے اور اس ضمن میں قومی پالیسی کا جلد از جلد نفاذ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال میں ڈیٹا پروٹیکشن، ڈیٹا سورینیٹی اور اخلاقی اصولوں کو مدنظر رکھا جائے تاکہ اس ٹیکنالوجی کا مؤثر اور محفوظ استعمال ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اے آئی کے نفاذ کے حوالے سے ماہرین پر مشتمل ایک “AI ایڈوائزری پینل” بھی تشکیل دیا جا رہا ہے، جو پالیسی سازی اور عملی اقدامات کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب، متعلقہ اعلیٰ حکام اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین نے شرکت کی۔