اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر اے ایف ایم خالد حسین نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں مختلف امور تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی روابط اور گہری وابستگیوں پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید فروغ کی ضرورت ہے۔
نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی دور اندیش قیادت اور غربت کے خاتمے میں ان کے کردار کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کو سراہا۔
ڈاکٹر حسین نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی روابط اور مشترکہ عقیدے سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کا ایک خط بھی وزیر اعظم کے حوالے کیا جس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار اور امداد کی پیشکش کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیاجبکہ بنگلہ دیشی مشیر نے بھی وزیر اعظم کو بنگلہ دیش کے دورے کی دعوت دی۔