راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 139 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پی ایس ایل 10 کے پہلے میچ میں تین بار کی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کا افتتاحی میچ میں مایوس کن آغاز ہوا، جب اوپنرفخر زمان 6 گیندوں پر ایک سکور بنا کر رائلے میریڈتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کا کیچ وکٹ کیپر اعظم خان نے لیا۔
5 ویں اوور میں 30 رنز کے مجموعی سکور پر محمد نعیم وکٹ کیپر اعظم خان کو کیچ تھما بیٹھے، ڈیرل مچل 13 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بنے جبکہ سیم بلنگز بغیر کوئی سکور کئے آؤٹ ہو گئے۔
بعد ازاں عبداللہ شفیق اور سکندر رضا نے ٹیم کو سہارا دیا لیکن 14 ویں اوور میں سکندر رضا 23 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔
جیسن ہولڈر نے جہانداد خان کو بھی سکورز کا کھاتہ نہ کھولنے دیا اور تیسری گیند پر آؤٹ کر دیا، ان کے بعد نئے آنے والے بلے باز ڈیوڈ ویزے بھی پہلی بال پر پویلین لوٹ گئے۔
120 رنز کے مجموعی سکور پر شاہین آفریدی کو بھی جیسن ہولڈر نے کلین بولڈ کر دیا، 66 رنز بنانے والے عبداللہ شفیق 133 رنز پر نسیم شاہ کا شکار بنے جبکہ حارث رؤف 10 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے جیس ہولڈر نے 4، شاداب خان نے 3 اور نسیم شاہ، رائلے میریڈتھ، عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں راولپنڈی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 10 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک کے نامور گلوگاروں نے اپنے فن کا جادو جگایا اور اس موقع پر شاندار آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔