اسلام آباد:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ گورنر پنجاب نے چیئرمین سینیٹ کو وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ سے 14 مقدمات میں باعزت بری ہونے پر مبارکباد اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ہمیشہ بہادری سے سیاسی انتقام کی بنیاد پر بنائے گئے مقدمات کا سامنا کیا۔صدر زرداری سمیت پی پی قیادت اور کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
گورنرسردار سلیم حیدر نے یوسف رضا گیلانی کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے۔
چیئرمین سینٹ نے سردار سلیم حیدر خان کی بحیثیت گورنر پنجاب کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے صوبہ میں کارکنوں میں نئی سیاسی روح ڈال دی ہے۔سردار سلیم حیدر خان کی کاوشوں سے دوسری جماعتوں سے لوگ پی پی میں شامل ہو رہے ہیں گورنر پنجاب کی پارٹی کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پھانسیاں، قید و بند کی صعوبتیں پی پی رہنماؤں اور کارکنوں کے جذبے کو نہیں دبا سکیں۔سیاسی انتقام کی سیاست نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔تاریخ گواہ ہے کہ پی پی نے کبھی بھی سیاسی انتقام کی سیاست نہیں کی۔پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ جمہوریت کے لیے قربانیاں دی۔تمام سیاسی جماعتیں مل کر جمہوریت کو مضبوط کریں۔