اسلام آباد:قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے،این ڈی ایم اے نے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ممکنہ بارشوں اور موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آج رات ملک میں داخل ہونے والی مغربی ہواؤں کے باعث بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 30 دسمبر کو ہواؤں کی شدت مزید بڑھ جائے گی جس کے نتیجے میں 31 دسمبر کو بالائی و وسطی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان، مری، گلیات، سکردو، ہنزہ سمیت متعدد پہاڑی علاقوں میں برفباری اور رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی امکان ہے۔