اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے جنرل فیاض بن حامد الرویلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کیساتھ بھرپور یکجہتی اورغیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔
محمد شہبازشریف نےکہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دو ماہ کے دوران سعودی عرب کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا جن کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور مہارت کے تبادلے سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینےکےلیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاءپسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں برادرملکوں کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔
سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کیلئے تہنیتی پیغام پہنچایا اورپاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تذویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔