کیپ ٹاؤن:کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے سامنے پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز پر ڈھیر ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی۔
پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں 9 وکٹوں پر 194 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ پر نہیں آ سکے، جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل رہی۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل میں کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 6 وکٹوں پر 155 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم 58، محمد رضوان 46 اور سلمان آغا 19 جبکہ عامر جمال 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان کی 8 ویں وکٹ 194 کے اسکور پر اس وقت گری جب میر حمزہ 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کو فالو آن سے بچنے کےلیے 416 رنز بنانے تھے۔
جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا نے 3، کیشو مہاراج اور کیوانا ماپھاکا نے 2 جبکہ مارکو یانسن، ویان مولڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلے سیشن کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی چوتھی وکٹ 118 رنز پر گر گئی جب بابر اعظم 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 144 رنز پر گری جب محمد رضوان 46 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے جبکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد قومی ٹیم کی چھٹی وکٹ 155 رنز پر گر گئی جب سلمان آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
گزشتہ روز جنوبی افریقا کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا تھا، کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر کگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ 12 رنز بنا کر کامران غلام مارکو یانسین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
قومی ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے جو بغیر کوئی رن بنائے 20 کے مجموعے پر کگیسو ربادا کا شکار بنے تھے۔
جنوبی افریقا کی پہلی اننگز
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی تھی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائی تھیں۔
پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسرے ٹیسٹ کے لئے قومی ٹیم میں شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس ٹیم میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقہ نے جیتا تھا۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقا نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی۔
ایک میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا جبکہ اس کے بعد 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے کلین سویپ کر کے فتح حاصل کی تھی۔